روہڑی:علاج کیلئے فیصل آباد جانیوالی خاتون ٹرین میں چل بسی
میرپور خاص کی رہائشی نسیم اختر دل کے عارضے میں مبتلا، لاش ورثا کے حوالےتلہار میں راجوخانانی روڈ پر حادثے میں شہری امجد ملاح ہلاک، مظہر شدید زخمی
روہڑی، تلہار (نمائندگان دنیا)علاج کیلئے فیصل آباد جانیوالی خاتون ٹرین میں چل بسی، جبکہ تلہار کے قریب حادثے میں شہری ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ اس ضمن میں کراچی سے حویلیاں جانے والی ٹرین پاکستان ایکسپریس میں سفر کرنے والی میر پور خاص کی رہائشی 47 سالہ خاتون نسیم اختر زوجہ نوید احمد مغل روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث انتقال کر گئیں۔ ریلوے پولیس کے مطابق خاتون کو ہنگامی حالت میں تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ پولیس کے مطابق ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، خاتون پہلے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھی۔
انہیں بہتر علاج کے لیے فیصل آباد منتقل کیا جا رہا تھا کہ روہڑی کے قریب ان کی طبیعت اچانک زیادہ خراب ہونے پر اسٹیشن پر اتار کر ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسکے فوت ہونے کی تصدیق کردی ، متوفیہ تین بچوں کی ماں تھی ان کے شوہر سرکاری ملازم ہیں۔ دوسری جانب تلہار میں راجو خانانی روڈ پر مزدا اور موٹر سائیکل کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار امجد ملاح ہلاک اور مظہر ملاح سخت زخمی ہو گیا، جس کو تلہار اسپتال سے طبی امداد دینے کے بعد اس کو حیدرآباد منتقل کر دیا گیا جبکہ مزدا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس مزدا کو تحویل میں لے لیا ہے۔