سکھر:شہریوں کو مہنگا، غیر معیاری گوشت بیچنے کیخلاف ایکشن

سکھر:شہریوں کو مہنگا، غیر معیاری گوشت بیچنے کیخلاف ایکشن

اے سی نیو تعلقہ کی ویٹرنری افسران کے ہمراہ کارروائیاں، قصابوں پرجرمانےماہ رمضان میں پھل سستے نہ ہوئے ، متعلقہ ادارے نوٹس لیں، شہریوں کی اپیل

سکھر(بیورو رپورٹ)مہنگا اور غیر معیاری گوشت بیچنے پر انتظامیہ نے ایکشن لے لیا، اے سی نیو تعلقہ کی ویٹرنری افسران کے ہمراہ کارروائیوں میں قصابوں پر جرمانے عائد کئے گئے ، جبکہ گو شت سرکاری نرخوں پر فروخت کرنے کا پابند بھی بنایا، کارروائی کے دوران گوشت کی مختلف دکانوں اور قصابوں کی چیکنگ کی گئی، جہاں کئی مقامات پر حفظان صحت کی صورتحال انتہائی ناقص اور صحت کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔ چیکنگ کے دوران کچھ دکاندار مہنگا اور ہوا بھرا گوشت فروخت کرتے ہوئے پکڑے گئے جس پر اہلکاروں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوں پر جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں سختی سے تنبیہ کی گئی کہ وہ گوشت سرکاری نرخوں پر فروخت کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

دوسری جانب رمضان المبارک کے مقدس ایام میں پھلوں کے نرخوں میں کمی واقع نہ ہو سکی ، پھلوں کے ریٹ آسمان پر پہنچ گئے ،جس سے روزہ دار شہری شدید پریشان ہیں، شہری حلقوں نے متعلقہ اداروں سے نوٹس لیکر صارفین کو منافع خوروں سے بچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہر میں بیورو آف سپلائز اینڈ پرائسز اور مارکیٹ کمیٹی کے دفاتر و عملہ موجود ہونے کے باوجود فروٹ کی قیمتیں بڑھنا سوالیہ ہے ، مارکیٹ کمیٹی فروٹ فروخت کا سرکاری نرخنامہ جاری کرکے بیس سے پچاس روپے دکاندار و ریڑھی بانوں سے وصول کرکے اپنے فرائض سے سبکدوش ہوکر بیٹھ جاتی ہے، دکاندار نرخنامے کو نمایاں جگہ ڈسپلے کرنے کے بجائے ردی میں پھینک دیتے ہیں اور من مانی قیمت وصول کرتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں