الخدمت قیدیوں کی فلاح وبہبود کے کام کررہی ،نو ید بیگ
سینٹرل جیل میں جیل انتظامیہ کے اشتراک سے کمپیوٹر لیبارٹری قائم کی گئیصاف پانی کی فراہمی اورمیڈیکل کیمپس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ، چیف ایگز یکٹو
کراچی (این این آئی)چیف ایگز یکٹو الخدمت کر اچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت ملک بھر کی طرح کراچی کی جیلوں میں بھی قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے ۔الخدمت نے قیدیوں کیلئے کراچی سینٹرل جیل میں جیل انتظامیہ کے اشتراک سے کمپیوٹر لیبارٹری قائم کی ہوئی ہے جہاں قیدیوں کو کمپیوٹر کی تعلیم کے ساتھ انہیں چائنیز ، انگلش اور عربی لینگویج کورسز کرو ائے جا رہے ہیں اوروہاں باقاعدگی سے کلاسز کا اہتمام کیا جاتاہے جبکہ ان قیدیوں کے امتحانات بھی منعقد ہوتے ہیں ،قیدیوں کو امتحانات پاس کر نے پر سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے سرٹیفکیٹس دیئے جاتے ہیں جس سے قیدیوں کی سزاؤں میں بھی کمی ہوتی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الخدمت جیلوں میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپس کا بھی اہتمام کرتی ہے۔
الخدمت جیلوں میں خدمت کے یہ کام کئی دہائیوں سے کررہی ہے ۔گزشتہ برس بھی ملیراور کراچی سینٹر ل جیل میں قیدیوں میں پائی جانے والے جلدی امراض کیلئے سیکڑوں مریضوں کامعائنہ کیا گیا اور انہیں وہاں مفت دوائیں دی گئیں جبکہ جیل میں کمپیوٹر اور لینگویج کورسز پاس کرنے والے 200 سے زائد قیدیوں کیلئے گریجویشن تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا اورانہیں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔نوید علی بیگ نے کہاقیدیوں کو دوران قید کمپیوٹر کورسز سکھا کر قیدیوں کو ہنر مند بنا نا چاہتے ہیں تاکہ یہ جیل سے باہر آکر وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔