فیصل ایدھی کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کا ای چالان موصول
کراچی(این این آئی) ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کو بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے کا ای چالان موصول ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان موصول ہواہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیصل ایدھی کو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر چالان بھیجا گیا۔ چالان میں موٹر سائیکل کا نمبر KPK-0115 درج تھا، جس کی بنیاد پر سسٹم نے خودکار طریقے سے فیصل ایدھی کے پتے پر جرمانہ ارسال کر دیا۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ذرائع نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اس وقت ایسی کسی موٹر سائیکل کے استعمال میں نہیں تھے اور نہ ہی وہ مذکورہ مقام پر موجود تھے ۔ابتدائی چھان بین سے معلوم ہوا ہے کہ کوئی نامعلوم موٹر سائیکل سوار جعلی نمبر پلیٹ استعمال کر رہا ہے ، جس کی وجہ سے سسٹم نے غلطی سے ان کا چالان کر دیا۔ایدھی انتظامیہ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ تھانے میں واقعے کی رپورٹ درج کرا دی ہے ۔