یومِ بدر اسلامی تاریخ کا عظیم اور فیصلہ کن معرکہ ،گورنر
مسلمانوں نے ایمان، اتحاد اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی ،کامران ٹیسوریعمان کے قونصل جنرل سے ملاقات،عالمی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال
کراچی(آئی این پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان، عمان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلطنتِ عمان کے قونصل جنرل انجینئر سمیع عبداللہ سالم الخنجار ی سے ملاقات کے دوران کیا۔قونصل خانے آمد قونصل جنرل اور دیگر سفارتی عملے نے گورنر سندھ کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ سمیت عالمی صورتحال اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قونصل جنرل نے کہا کہ پاک۔عمان تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مثبت کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں گورنر سندھ نے غزوہ بدر اور امّ المو منین حضرت عائشہ صدیقہ ؓکے یومِ وصال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یومِ بدر اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن معرکہ ہے جس نے حق و باطل کے درمیان واضح فرق قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع پر مسلمانوں نے ایمان، اتحاد اور قربانی کی لازوال مثال قائم کی جو آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔گورنر سندھ نے کہا کہ رسول اکرم ؐ کی قیادت میں جنگ بدر میں شامل صحابہ کرامؓ نے ثابت کیا کہ سچا ایمان اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ بڑی سے بڑی قوت کو بھی شکست دے سکتا ہے ۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امّ المو منین حضرت عائشہ صدیقہ ؓکی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عائشہؓ کو اسلام میں ایک بلند مقام حاصل ہے ۔