خواتین میں مفت پنک الیکٹرک اسکوٹرزتقسیم کرنے کا اعلان
کراچی(آئی این پی)سندھ حکومت نے عالمی یومِ خواتین پر کے موقع پر خواتین میں مفت ’پنک الیکٹرک اسکوٹرز‘ تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر صوبے کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے مفت ’پنک الیکٹرک اسکوٹرز‘ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کی باقاعدہ تقریب اتوار (آج) کو منعقد ہوگی۔صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام حکومتِ سندھ کے اس مشن کا حصہ ہے جس کے تحت خواتین کو محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پروگرام کے تحت منتخب خواتین کو جدید الیکٹرک اسکوٹرز دی جائیں گی، جو نہ صرف ایندھن کی بچت کریں گی بلکہ ماحول کو آلودگی سے بھی بچائیں گی۔خواتین کواسکوٹر چلانے کی تربیت اور روڈ سیفٹی کے اصولوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔