ایران کے ڈٹنے پرامریکہ فرار کی راہیں تلاش کررہا، لیاقت بلوچ
امریکی اڈے اسرائیل کی حفاظت کیلئے ، پاکستانی سیاست بند گلی میں، جماعت اسلامی رہنماانڈیا افغانستان کے ذریعے سازش کررہا ہے ، ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،خطاب
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ایران آج ڈٹ کر امریکہ اور اسرائیل کا مقابلہ کر رہا ہے ، امریکہ اب فرار کا راستہ تلاش کر رہا ہے ، امریکی اڈے اسرائیل کی حفاظت کے لیے ہیں، اسرائیل آج بھی فلسطین پر بمباری قتل و غارت کر رہا ہے ، پاکستان کی سیاست بند گلی میں ہے ، عدالتی نظام مفلوج ہے ، پاکستان کے حکمران مسلم ممالک کا ساتھ دیں، امریکہ اور اسرائیل انشا اﷲ ناکام ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت مقامی ہال میں منعقدہ عید ملن تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں انڈیا کو عبرتناک شکست ہوئی، انڈیا افغانستان کے ذریعے سازش کر رہا ہے۔
ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،پاکستان پیپلز پارٹی سندھ پر ایک مدت سے قابض ہے ، تعلیم تباہ ہے ، صحت تباہی کا شکا ر ہے ، جگہ جگہ گندگی کا ڈھیر ہیں، سندھ میں بلدیاتی نظام مفلوج ہے ، سندھ میں ڈاکو راج قائم ہے ، سندھ میں ایم کیو ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی لیکن صدر آصف زرداری پھر سے ایم کیو ایم کے سر پر ہاتھ رکھ رہے ہیں، جماعت اسلامی سندھ کو بحرانوں سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو دفاع میں حمایت فراہم کرنی چاہیے اور مسلم ممالک کو امریکہ و اسرائیل کے خلاف متحد ہو جانا چاہیے۔