میرپور خاص:عید پرگیس کمپنی شیڈول کے مطابق سپلائی میں ناکام

میرپور خاص:عید پرگیس کمپنی شیڈول کے مطابق سپلائی میں ناکام

عید کے تینوں ایام کھانا تیاری میں مشکلات، پہلے روز ہی دن میں سپلائی بند رہی رات 12کے بجائے 10بجے گیس بند، عید پرگیس بندش انتظامی نااہلی، شہری

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)عید کے تینوں ایام میں سوئی گیس کی جانب سے جاری کردہ شیڈول پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں، خصوصاً گھریلو خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سوئی گیس حکام نے عید کے موقع پر گیس فراہمی کا شیڈول جاری کیا تھا، جس کے تحت رات 12 بجے گیس بند اور صبح 6 بجے بحال کی جانی تھی، جبکہ دن کے اوقات میں بلا تعطل گیس فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم حقیقت اس کے برعکس رہی، شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے روز ہی دن کے وقت تقریباً دو بجے کے بعد گیس کا پریشر کم ہونا شروع ہو گیا جس کے باعث کھانا پکانے میں مشکلات پیش آئیں۔

بعد ازاں رات تقریباً 10 بجے ہی گیس مکمل طور پر بند کر دی گئی، جس سے صورتحال مزید خراب ہو گئی گھریلو خواتین نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ گیس کی غیر اعلانیہ بندش اور کم پریشر کی وجہ سے انہیں کھانا پکانے اور اشیاء گرم کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، ایک خاتون نے کہا کہ اعلان کچھ اور تھا مگر عمل اس کے برعکس ہوا، ہمیں شدید پریشانی اٹھانی پڑی شہریوں نے یہ بھی کہا کہ عید جیسے اہم موقع پر گیس کی بلاجواز بندش انتظامی نااہلی کا ثبوت ہے جسے فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں