حیدر آباد:عید پربارش سے نشیبی علاقے زیرآب، نکاسی مفلوج
بعض علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع، کچھ علاقوں میں گھروں میں بھی داخلشہری تفریحی مقامات پر پھنس گئے ، حیسکو کے 136فیڈر بھی ٹرپ کرگئے
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)عید الفطر کے موقع پر بارش سے شہر بھر میں جل تھل ہوگیا، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، جہاں نکاسی نظام بھی مفلوج ہوگیا، بعض علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے ، عیدالفطر کے روز نماز عید کے موقع پر ہلکی بارش کے باعث کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات متاثر ہوئے جبکہ 2شوال کی شام طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے شہری زندگی مفلوج کردی، بارش کی پہلی بوند کے ساتھ ہی بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، شہر میں 160میں سے 136فیڈرز سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، شام ساڑھے چھ بجے سے معطل ہونے والی بجلی چھ سے آٹھ گھنٹے کے بعد بحال ہونا شروع ہوئی، بجلی کی عدم فراہمی اور واسا کی نااہلی کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔
جس کی نکاسی نہیں کی جا سکی، لوگ بازاروں، تفریحی مقامات پر پھنس گئے ، اسٹیشن کے سامنے گندے پانی کا تالاب بن گیا ، بیشتر علاقوں میں سیوریج کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا، بارش کو 24گھنٹے گزر جانے کے باوجود نکاسی آب کا عمل مکمل نہیں ہوسکا جس کے باعث بیشتر علاقوں میں روزمرہ کے امور متاثرہوکر رہ گئے اور یوم پاکستان کے موقع پر شہر گندگی وغلاظت کے ڈھیر کا منظر پیش کررہا تھا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے باوجود متعلقہ اداروں نے نکاسی کے انتظامات نہیں کئے ، جس سے شہریوں کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔