جنگ امریکہ واسرائیل کے گلے پڑگئی،راشدنسیم
دونوں ممالک کے مکر و فریب اور سفاکانہ کردار سے اپنے اتحادی بھی بیزار ہوچکے اسکول پرحملہ اوردرجنوں بچیوں کو شہید کرکے پوری انسانیت کو شرمادیا ،خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ جھوٹ و فریب اور طاقت و دھونس کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران میںرجیم چینج لانے کے لیے جنگ و جدل امریکہ اور اسرائیل کو گلے پڑ گئی ہے ۔ دنیا پر قبضے اور اپنا نیوورلڈ آرڈر قائم کرنے کے لیے ان کے جارحانہ عزائم اور مکر و فریب اور سفاکانہ کردار سے اپنے اتحادی بھی بیزار ہوچکے ہیں۔ تین ہفتوں کی جنگ میں ایران کے جذبہ ایمانی سے لبریز پاسداران انقلاب کے مجاہدوں نے ابتک امریکہ و اسرائیل کے سارے خواب چکنا چور کردیئے ہیں۔غزہ سے لیکر ایران تک اللہ تعالیٰ نے باطل کے انفرادی اور اجتماعی پردے چاک کردیئے ہیں،بظاہر ساری چالین انہی پر الٹ گئیں ہیں۔
اپیٹسین فائنلز نے ان کی درندگی کو بے نقاب دوسری طرف ایران سے مذاکرات اور رات کی تاریکی میں حملوں نے ان کے اجتماعی جھوٹ اور دہرے معیار کو عیاں کرکے رکھ دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع کامران سراج، نائب امیر سعید عامر موسیٰ، ٹاؤن چیئرمین فرازحسیب ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ ٹرمپ اوران کے حواریوں نے ایران پرطالبات کے اسکول پرحملہ اوردرجنوں بچیوں کو شہید کرکے پوری انسانیت کو شرمادیا ہے ۔