ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو تر جیح دینا ہو گی ، مرتضیٰ وہاب

ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو تر جیح دینا ہو گی ، مرتضیٰ وہاب

قومی معاملات پر سیاست نہ کریں، مسائل کو متحد ہو کر حل کرنا چاہیے ، جن کا کام تنقید کرنا ہے وہ تنقید کریں گے ،میئرکراچیتنقید کرنے کے لیے وجہ نہیں صرف زبان چاہیے ، ہم حکومت میں ہیں، ہمارا کام تنقید برداشت کرنا ہے ،مزارقائد پرمیڈیا سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ قومی معاملات پر سیاست نہ کریں، مسائل کو متحد ہو کر حل کرنا چاہیے۔ مرتضی وہاب نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم کھلی اور آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں، کوئی میلی آنکھ سے پاکستان کو نہیں دیکھ سکتا۔میئر کراچی نے ترقیاتی کاموں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کام کرنے میں تکنیکی عمل ہوتا ہے ، عید کے روز بھی ہمارے منصوبے پر کام ہو رہا تھا، ہمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مسائل آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے کے لیے وجہ نہیں چاہیے ، صرف زبان چاہیے ، جن کا کام تنقید کرنا ہے وہ تنقید کریں گے ، ہم حکومت میں ہیں، ہمارا کام تنقید برداشت کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہوگی، قائد اعظم نے ہمیشہ قومی مفادات کو پیش نظر رکھا اور قیام پاکستان اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 100 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اور تمام منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے ۔ کراچی میں پانی کے بڑے منصوبے کے -فور پر کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو درپیش پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کیا جا سکے ، اس کے علاوہ متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب گامزن کرنے کے لیے متعدد کھیلوں کے میدان، پارکس، اور پلے گراؤنڈ بھی تعمیر کررہے ہیں۔

میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ہمیں ذاتی معاملات کو قومی مفاد پر ترجیح نہیں دینی چاہیے ۔پاکستان کی فوج نے بڑی قربانیوں کے بعد دہشت گردی پر قابو پایا تھا، اور ہمیں ملک کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا، میئر کراچی نے کہا کہ ہم ایک طویل عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں اور پاک فوج مسلسل اس جدوجہد میں مصروف عمل ہے کہ وطن عزیز سے دہشت گردی اور سماج دشمن عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اس جدوجہد میں پاک فوج سمیت عوام نے بھی قربانیاں دی ہیں اور اس مقصد کے لئے پوری قوم ہم آواز ہے وہ دور نہیں جب یہ ملک امن و آشتی کا گہوارہ ہوگا، کراچی کی ترقی اور عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس مشن کو جاری رکھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں