میرپور خاص:مچھروں کی غیر معمولی بہتات سے زندگی اجیرن

میرپور خاص:مچھروں کی غیر معمولی بہتات سے زندگی اجیرن

رات کا سکون غارت، دن میں بھی شہری پریشان، شہر میں اسپرے نہیں کرایا گیاصفائی ستھرائی کی ناقص صورت حال بھی اس مسئلے کو مزید بڑھا رہی ہے ، شہری

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر میں ان دنوں مچھروں کی غیر معمولی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، بھرمار کے باعث نہ صرف رات کا سکون غارت ہے بلکہ دن میں بھی لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ حالیہ دنوں شہر بھر میں مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے جو شہریوں لئے پریشانی کا باعث ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ طویل عرصے سے شہر میں مچھر مار اسپرے نہیں کیا گیا جس کے باعث مچھروں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ، گلیوں اور محلوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال بھی اس مسئلے کو مزید بڑھا رہی ہے ، جبکہ متعلقہ ادارے اس سنگین مسئلے سے نمٹنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، مقامی افراد کے مطابق مچھروں کی بہتات کے باعث بچوں، بزرگوں اور خواتین میں مختلف بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں اور شہری ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی کہ متعدد بار متعلقہ اداروں کو آگاہ کرنے کے باوجود کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا جارہا۔ دوسری جانب محکمہ صحت کی کارکردگی پر شدید سوالات اٹھ رہے ہیں شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی غفلت اور نااہلی کے باعث صورتحال دن بدن خراب ہو رہی ہے ، جبکہ مچھر مار مہم محض دعوؤں تک محدود ہے ، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر مچھر مار اسپرے مہم شروع کی جائے ، صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اس اذیت سے نجات مل سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں