خاصخیلی گوٹھ کے قریب واٹر ٹینکر نے ایک اور گھر کا چراغ گل کر دیا
متوفی اکرم سکیورٹی گارڈ اور چار بچوں کا باپ تھا،ایک شخص زخمی،ذمہ دار ڈرائیور گرفتار،ٹینکرضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر) تیز رفتار واٹر ٹینکر نے ایک اور گھر کا چراغ گل کر دیا۔ شہر میں رواں برس ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 254 ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کی حدود خاصخیلی گوٹھ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک واٹر ٹینکر نے موڑ کاٹتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شدید زخمی ہوگئے ، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اکرم ولد صاحب کے نام سے ہوئی ہے ، جبکہ زخمی شخص کی شناخت شابان ولد لقمان کے نام سے کی گئی ہے ۔اہل خانہ کے مطابق متوفی اکرم سکیورٹی گارڈ تھا اور چار بچوں کا باپ تھا، جس کا آبائی تعلق گھوٹکی سے تھا۔ واقعے کے وقت وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ جا رہا تھا۔متوفی کے بھائی کرم نے الزام عائد کیا ہے کہ واٹر ٹینکر ڈرائیور نے لاپرواہی سے موڑ کاٹتے ہوئے ان کے بھائی کو کچلا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔دوسری جانب سچل پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حادثے کے ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور حیدر ولد فضل کو گرفتار کرکے ٹینکر تحویل میں لے لیا ۔