تھیٹر ہماری تہذیب و ثقافت کا آئینہ اور معاشرتی اصلاح کا موثر ذریعہ ہے ،گورنر
کراچی (این این آئی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ تھیٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تھیٹر ہماری تہذیب و ثقافت کا آئینہ اور معاشرتی اصلاح کا موثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھیٹر امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور اسٹیج ڈرامہ عوامی شعور بیدار کرنے کا طاقتور ذریعہ ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اداکار، ہدایت کار اور مصنفین قومی سرمایہ ہیں جن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے ۔ انہوں نے آرٹس کونسل پاکستان کو ملک میں فنونِ لطیفہ کے فروغ کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ معاشرتی ہم آہنگی اور ثقافتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے ۔سید محمد نہال ہاشمی نے اس موقع پر فنکاروں اور تخلیق کاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تھیٹر نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ معاشرتی مسائل اجاگر کرنے اور مثبت تبدیلی لانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بھی ہے ۔