میرپور خاص:جن نکالنے کے بہانے سسرالیوں کاخاتون پرتشدد
بھاگلی کے سرپر شدید ضربیں، پیٹھ پرسلاخیں برسائیں، بعد میں کمرے میں بند کردیاوالد کے عدالت سے رجوع پرپولیس نے رہا کرایا، مقدمہ درج ہوا نہ گرفتاری ہوئی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرپورخاص کے قریب گوندل فارم میں تین روز قبل جن نکالنے کے بہانے جعلی عامل اور سسرالیوں کے ہاتھوں مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون بھاگلی بھیل نے اپنے والد کانیو بھیل اور دیگر اہلِ خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، متاثرہ خاتون بھاگلی نے الزام عائد کیا کہ اس کے سسرالی افراد جن میں چیتن بھیل، اس کا چچا سمجھو بھیل، کرشن بھیل، بھوپا سمیڑو اور کرن بھیل شامل ہیں، نے اس پر جن ہونے کا الزام لگا کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، ملزمان نے اس کے سر پر شدید ضربیں لگائیں اور پیٹھ پر سلاخوں سے مارا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی، خاتون کے مطابق ملزمان نے بعد ازاں اسے جن ہونے کا بہانہ بنا کر گھر کے کمرے میں بند کر دیا۔
اس موقع پر خاتون کے والد کانیو بھیل نے بتایا کہ جب انہیں واقعے کی اطلاع ملی تو وہ اپنی بیٹی کے گھر پہنچے لیکن ملزمان نے اسے آزاد کرنے سے انکار کر دیا، جس پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا، عدالت کے حکم پر متعلقہ تھانے کی پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر خاتون کو بازیاب کرایا، اور اسے اسپتال منتقل کیا، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ملزمان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کر رہی نہ ہی کسی کو گرفتار کیا ہے۔