امریکہ اور اسرائیل مسلمانوں کو لڑانے میں مصروف ہیں،راشد سومرو
عراق، ایران، فلسطین اس کی واضح مثالیں ہیں، مسلم ممالک پرایرانی حملے اسی سلسلے کی کڑیامریکہ واسرائیل ایران کوتنہا کرکے پاکستان، سعودیہ کونشانہ بنائینگے ، کانفرنس سے خطاب
کنڈیارو (نمائندہ دنیا)جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایران پر حملوں کی مذمت اور ایران کی حمایت کا اعلان کر چکے ، امریکہ کسی بھی مسلمان ملک کا خیرخواہ نہیں اور اسرائیل کے ساتھ مل کر مسلم ممالک کو آپس میں لڑانے کی سازش کر رہا ہے ، ایران کے مسلم ممالک پر حملے انکی اسی سلسلے کی کڑی تھی، عراق، ایران اور فلسطین کی صورتحال اس کی واضح مثالیں ہیں۔ کنڈیارو کے علاقے پکا گھانگھرا میں جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے 26ویں امام الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب میں راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کا خواب ہے کہ ایران کو تنہا کرنے کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کو بھی نشانہ بنایا جائے ، تاہم پاکستانی عوام اور جے یو آئی کے کارکن ایسے تمام عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر پاکستان اور وزیراعظم کھل کر امریکا و اسرائیل کے حملوں کی مخالفت کریں اور ایران کی حمایت کا اعلان کریں۔ سندھ کی صورتحال پر خطاب میں علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا سندھ اسمبلی میں 18 سال سے کم عمر میں شادی پر پابندی کا بل قرآن و سنت کیخلاف ہے، اس بل سے شادیوں پر پابندی اور زنا کی اجازت دی گئی۔انکا کہناتھا کہ سندھ میں قتل عام اور اغوا برائے تاوان پر کنٹرول نہیں کیا جارہا، عوام سندھ میں تبدیلی کے لیے علماء کا ساتھ دیں۔ کانفرنس سے دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔