ماتلی:چوری کی بڑی واردات میں ملوث مبینہ 3 رکنی گینگ گرفتار
ماتلی(نمائندہ دنیا)ڈسٹرکٹ پولیس بدین نے تھانہ ماتلی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے چوری کی ایک بڑی واردات میں مبینہ ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اپناتے ہوئے ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ واقعہ 23اور24 مارچ کی درمیانی شب پیش آیا تھا،جب پھلکارہ میں بشیر راجپوت کے گھر سے نامعلوم افراد نے نقب لگا کر تین لائسنس یافتہ بندوقیں(رپیٹر)،سونا اور نقدی چوری کی تھی۔ گرفتار افراد میں خیر محمد چانڈیو،معشوق کھوسہ اور عرس مرادانی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ تینوں لائسنس یافتہ بندوقیں اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے ، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔