یوسی رحیم نگر میرپور خاص کے سیکریٹری کوچارج نہ دینے کانوٹس
علی بخش کی درخواست پرچیئرمین عبدالرزاق ہاشمانی ذاتی حیثیت میں ہائیکورٹ طلبتنخواہ نہ ملنے سے مالی مشکلات درپیش، متن، فریقین کو 22 اپریل کے نوٹس جاری
میرپور خاص (بیورو رپورٹ )ہائی کورٹ نے یونین کمیٹی نمبر 10 رحیم نگر کے چیئرمین کی جانب سے سیکریٹری کو چارج (جوائننگ) نہ دینے کے معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی ایس سی یو جی ایڈمن برانچ کے گریڈ 11 کے سیکریٹری میرواہ گورچانی کے رہائشی علی بخش رستمانی نے اپنے وکیل علی حسن چانڈیو کے توسط سے ہائی کورٹ میرپورخاص بنچ میں درخواست دائر کی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انہیں 16 فروری 2026 کو لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یونین کمیٹی نمبر 10 رحیم نگر میں بطور سیکریٹری تعینات کیا گیا۔
تاہم وہاں کے پیپلز پارٹی سے وابستہ چیئرمین عبدالرزاق ہاشمانی مسلسل کوششوں کے باوجود انہیں چارج سنبھالنے کی اجازت نہیں دے رہے ۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جوائننگ نہ ملنے کے باعث ان کی تنخواہ بھی رکی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں جبکہ یونین کمیٹی نمبر 10 رحیم نگر کے چیئرمین عبدالرزاق ہاشمانی کو 22 اپریل 2026 کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔