مہران کمپلیکس سکھر کے متاثرہ تاجروں کومتبادل جگہ دی جائے ، جے یوآئی
حکومت دکانیں گرانے ، دکانداروں کوبیروزگار کرنے کانوٹس لے ، مولانا عابد ودیگرہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں، معاشی قتل بند کیا جائے ، مشترکہ اجلاس سے خطاب
سکھر(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام سٹی سکھر کے عہدیداروں و ذمہ داران مولانا محمد عابد سندھی ، قاری لیاقت علی مغل ، مفتی قمر الدین ملانو ، مولانامحمد بخش مہر ، مولانا امان اللہ سکھر وی و دیگر نے مشترکہ بیان میں سکھر ٹیکسی اسٹینڈ مہران کمپلیکس کی دکانوں کو گرائے جانے سمیت تاجروں کو بیروزگار کئے جانے والے عمل کی مذمت کرتے ہوئے حکومت وقت بالخصوص سندھ حکومت سے اس کا فی الفور نوٹس لیکر متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ فراہمی سمیت ان کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے ، جمعیت علمائاسلام سٹی کے مشترکہ اجلاس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں، اس فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے تاکہ تاجروں اور شہریوں کے معاشی قتل عام کا سلسلہ بند کیا جا سکے۔
مذکورہ رہنماؤں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکمرانوں کا ظالمانہ اقدام قرار دیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ملک بھر میں مہنگائی کا نیاسیلاب آئے گا اور عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے ،مہنگائی اور ٹیکسوں کے بھرمار سے عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی، جس سے کاروبار میں بھی شدید مندی کا رجحان ہے ، پہلے ہی مہنگائی نے عوام اور کاروباری طبقے کی کمر توڑ دی ہے ، ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کاروباری سرگرمیوں کو مزیدتباہی کی طرف لے جائے گا۔