کندھکوٹ:کیمیکل سے تیار دودھ فروخت، سماجی تنظیموں کا مظاہرہ
زہر بیچا جارہا، دل، گردوں، بلڈ پریشر کے امراض پھیل رہے ، سیاسی وسماجی تنظیمیں50افراد لقمہ اجل بن چکے ، این آئی سی وی ڈی یونٹ بھی قائم کرنے کا مطالبہ کیا
کندھکوٹ (نامہ نگار)شہر کی سیاسی و سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا جس میں کیمیکل سے تیار دودھ کی فروخت پر پابندی اور این آئی سی وی ڈی یونٹ کے قیام کا مطالبہ کیا گیا۔ مظاہرین نے کیمیکل والے دودھ کی فروخت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر غلام مصطفیٰ میرانی، شہری اتحاد کے صدر ڈاکٹر میہر چند، ایس یو پی کے ضلعی صدر ظریت ساگر بجارانی، ایس ٹی پی کے ضلعی صدر اکرم بجکانی، ہیومن رائٹس پاکستان کے رکن امداد اللہ کھوسو، مزدور یونین کے رہنما آفتاب خان باجکانی، جے یو آئی کے رہنما مولوی خان محمد ملک و دیگر نے کہا کہ کندھکوٹ میں بغیر کسی خوف کے کیمیکل والا دودھ فروخت کیا جا رہا ہے۔
جو زہر ہے جس سے دل کے امراض، گردے فیل، بلڈ پریشر سمیت کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں، شہر میں ایک ماہ میں 50 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ، دل کے امراض میں نمایاں اضافہ ہوا، تقریباً 15 لاکھ کی آبادی والے ضلع میں دل کا کوئی ہسپتال نہیں،شہر میں کیمیکل والے دودھ کی فروخت بند کی جائے ، فروخت کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور این آئی سی وی ڈی یونٹ قائم کیا جائے تاکہ دل کے مریضوں کا فوری علاج اور ان کی زندگیاں بچائی جا سکیں، اگر ہمارے یہ جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم بھرپور تحریک چلائیں گے ۔