تاجروں کی دفاتراور بینکوں کے اوقات کار میں کمی کی تجویز
مارکیٹیں رات 8، مالز 9،ریسٹورنٹس 10اور ہالز 11بجے بند کیے جائیںاقدام سے کاروباری سرگرمیاں جاری ،توانائی بچت ممکن ہوگی،شیخ حبیب
کراچی(بزنس رپورٹر)تاجر رہنماؤں نے سرکاری دفاتر سہ پہر 3 بجے بندجبکہ بینکوں کے اوقات کار شام 4 بجے تک محدود کئے جانے کی تجویز پیش کی ہے ۔چیئرمین کراچی سندھ تاجر اتحاد شیخ حبیب نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول و ڈیزل کی سابقہ قیمتیں بحال کی جائیں،جنگی خدشات کے باوجود ملک میں پٹرول اور ایل این جی کے وافر ذخائر موجود ہیں، لہٰذا قیمتوں میں اضافے کا جواز نہیں بنتا،اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو مہنگائی کا سیلاب مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور روزمرہ اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔
شیخ حبیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے تاجروں کی ملاقات ہوئی جس میں مارکیٹوں کے اوقات کار سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا ،سندھ حکومت نے آگاہ کیا کہ وفاق شام 7 بجے مارکیٹیں بند کرنا چاہتا ہے تاہم تاجروں نے متبادل تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر سہ پہر 3 بجے بند جبکہ بینکوں کے اوقات کار شام 4 بجے تک محدود کیے جائیں۔ تاجروں نے تجویز دی کہ ہول سیل مارکیٹیں شام 7 بجے ، ریٹیل مارکیٹیں رات 8 بجے ، شاپنگ مالز رات 9 بجے ، ریسٹورنٹس رات 10 بجے جبکہ شادی ہالز رات 11 بجے بند کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہیں اور توانائی کی بچت بھی ممکن ہو سکے ۔