مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن مہم

مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن مہم

ویکسین کا وافر ذخیرہ اور تمام ضروری انتظامات موجود ہیں، محمد علی ملکانیمحدود وسائل کے باوجود بہترین نتائج کے لیے کوشاں ہیں،وزیرلائیواسٹاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ ’’علاج سے احتیاط بہتر ہے ‘‘کے مقولے پر عمل کرتے ہوئے سندھ حکومت نے مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے صوبے بھر میں ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ویٹرنری اسپتال لانڈھی میں منعقدہ ’’پری مون سون ویکسی نیشن پروگرام 2026-27کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد علی ملکانی نے بیوپاریوں اور فارمرز کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل سے آگاہ ہیں اور جلد ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر ان کا پائیدار حل نکالا جائے گا۔ سندھ حکومت محدود وسائل کے باوجود بہترین نتائج کے لیے کوشاں ہے۔

یہ صرف حکومتی بجٹ کا معاملہ نہیں بلکہ جانوروں کی صحت اور معیشت کے استحکام کا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جانوروں کو موسمی بیماریوں سے بچانے کے لیے اس مہم کا دائرہ کار پورے سندھ تک پھیلا دیا ہے ۔ سندھ بھر کے ویٹرنری اسپتالوں میں تیاریاں مکمل ہیں اور صوبے بھر کے لیے ویکسین کا وافر ذخیرہ اور تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔ صوبائی وزیر نے مویشی مالکان پر زور دیا کہ وہ اس مہم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ ان کے جانور بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مویشی صحت مند ہوں گے تو اس سے نہ صرف مالداروں کے گھروں میں بلکہ پورے سندھ میں خوشحالی آئے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں