میٹرک امتحانات 3روز کیلئے ملتوی، 10اپریل سے ہونگے
پورٹل خرابی،ایڈمٹ کارڈز جاری نہ ہونے پر امتحانات بروقت شروع نہ ہوسکےساڑھے 3لاکھ طلبہ امتحانی مراکز سے لاعلم، اسکولوں کو ڈاؤن لوڈنگ میں مشکلات
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میٹرک بورڈ نے سالانہ امتحانات 3 روز کیلئے ملتوی کردیے اور اب نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت 10 اپریل کو میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہوں گے ۔ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے نامکمل اور ناقص انتظامات کے سبب میٹرک کے امتحانات بروقت شروع نہیں ہوسکیں گے ، پورٹل کی عدم فعالیت اور ایڈمٹ کارڈز جاری نہ ہونے کے سبب یہ امتحانات 3 روز کے لیے ملتوی کیے گئے ہیں۔ترجمان میٹرک بورڈ کراچی کے مطابق میٹرک کے امتحانات اب نظر ثانی شدہ شیڈول کے تحت 10 اپریل سے لیے جائیں گے ، اس سے قبل یہ امتحانات منگل 7 اپریل کو شروع ہونے تھے تاہم بورڈ کے مطابق طلبہ کے وسیع تر مفاد میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پورے سندھ کی طرح کراچی میں بھی دسویں جماعت کے امتحانات منگل 7 اپریل اور نویں کے بدھ 8 اپریل سے ہونے تھے لیکن امتحانات سے محض ایک روز قبل بھی ہزاروں طلبہ اپنے ایڈمٹ کارڈ سے محروم رہے ، ان امتحانات میں ساڑھے 3 لاکھ سے زائد طلبہ کو شریک ہونا ہے ۔جب نجی و سرکاری اسکول کی انتظامیہ نے پورٹل کے ذریعے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کی کوشش کی تو بڑی تعداد میں اسکولوں کی جانب سے بورڈ کے پورٹل سے غلطی کا میسج آنے کی شکایات موصول ہوئیں۔