مسائل میں پسے عوام کوریلیف فراہم کرنا ذمہ داری، کمشنر نوابشاہ

مسائل میں پسے عوام کوریلیف فراہم کرنا ذمہ داری، کمشنر نوابشاہ

حکومتی سطح پراقدامات جاری، سماجی واخلاقی برائیوں کیخلاف سنجیدہ کارروائی کررہےمارکیٹوں میں تجاوزات بدنما داغ، جلد اقدامات کرینگے ، شہمیر بھٹو، صحافیوں سے گفتگو

نوابشاہ (بیورو رپورٹ)کمشنر شہید بینظیر آباد شہمیر بھٹو کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ، ہماری ذمہ داری ہے کہ مسائل میں پسے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے جس کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات جارہی ہیں۔ ان خیالات اظہار انہوں نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شمہیر بھٹو کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سماجی اور اخلاقی برائیوں کے خلاف سنجیدہ کارروائی کررہی ہے جو کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں، ان کا کہنا تھا مارکیٹوں میں تجاوزات ایک بدنما داغ ہے جس کے خلاف جلد ضلعی انتظامیہ پولیس اور میڈیا کے ہمراہ قدامات کئے جائیں گے جس کے لئے تاجر برادری اور میڈیا کا تعاون ضروری ہے ، ایک سوال کے جواب میں کمشنر شمہیر بھٹو نے مارکیٹ روڈ بالائی پل کی خستہ حالی پر ایکسین کو ہدایت کی کہ فوری طور پر پل کی مرمت کرائی جائے۔

تاکہ کسی ناگہانی صورتحال سے بچا جاسکے ، ان کا کہنا تھا کرائم کی روک تھام، شادیوں میں ہوائی فائرنگ اور منشیات کے خاتمے کے لیے ایس ایس پی سمیر نور چنہ کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں وہ کرمنل کے خلاف کارروائی اور مقدمات درج کررہے ہیں۔ انہوں نے شہر میں آتش بازی کیخلاف بھی پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی کمشنر کا کہنا تھا پٹرول کی حالیہ قیمتوں کے بعد سفید پوش افراد پریشانی کا شکار ہیں، ٹرانسپورٹ مالکان نے حکومتی حکمنامے پر عمل نہیں کیا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ مہنگائی سے متاثرہ افراد کو سہولیات مل سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں