بوٹ بیسن کے علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد تین ملزمان گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے بوٹ بیسن کے علاقے میں پولیس مقابلے کے بعد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کی شناخت غلام رسول، خالد حسین رجانی اور سمیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ماضی میں بھی متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ایک منظم بینک ڈکیت گینگ کے رکن ہیں جو بینکوں سے رقم نکلوانے والے شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹتے تھے ۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے چند روز قبل بوٹ بیسن کے علاقے میں ایک شہری سے 61 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔ فوٹیج میں ملزمان کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزم خالد حسین رجانی کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی، راہزنی اور اقدام قتل سمیت سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات درج ہیں۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فونز، 2 موٹر سائیکلیں اور 3 پستول برآمد کر لیے ہیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمات درج کر لیے گئے۔