رجب بٹ کے مقدمے میں عدالت انویسٹی گیشن افسر پر برہم

رجب بٹ کے مقدمے میں عدالت انویسٹی گیشن افسر پر برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف تھانہ حیدری میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے اسٹیشن انویسٹی گیشن افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن سینٹرل کو ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دے دیا۔

دوران سماعت ملزم رجب بٹ عدالت میں پیش ہوا جبکہ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کے تفتیشی افسر کا انتقال ہوچکا ہے ، جس کے باعث ملزم تفتیش میں شامل نہیں ہو سکا۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ایس آئی او کو ساڑھے گیارہ بجے طلب کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کردی۔ بعد ازاں ایس آئی او تھانہ حیدری عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے ان پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیس کی مکمل فائل اور متعلقہ شواہد کہاں ہیں اور گزشتہ سماعت پر پیش ہونے کے عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا گیا تھا، اس پر کیا پیش رفت ہوئی۔ ایس آئی او نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کیس کی مکمل تفتیش کا علم نہیں ہے اور شواہد مرحوم تفتیشی افسر کے پاس تھے ، جن کا انتقال ہوچکا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں