خاتون اے ایس پی کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم
فوجداری شکایت درج کرنیکی ہدایت، متعلقہ حکام کو بھی کارروائی کا اختیار حاصلغلطی غیر ارادی ، افسر ، فرضی دستاویزات سے نظام متاثر ہوا، جوڈیشل مجسٹریٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے خاتون اے ایس پی کے خلاف جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس جمع کروانے پر فوجداری کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی سجاد علی جمالی نے فوجداری مقدمہ نمبر 1696/2026 میں تفتیشی افسر ایس ڈی پی او ڈیفنس کو جاری کیے گئے دو شوکاز نوٹسز کے جوابات کا جائزہ لینے کے بعد حکم نامہ جاری کیا۔ عدالت کے مطابق ایس ڈی پی او ڈیفنس نے اپنے جواب میں 18 مارچ 2026 کے دو میڈیکل سرٹیفکیٹس جمع کرائے ، جن کی تصدیق کیلئے عدالت نے اسپتال سے رپورٹ طلب کی۔ اسپتال کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں واضح کہا گیا کہ پیش کردہ دستاویزات اسپتال کے ریکارڈسے مطابقت نہیں رکھتیں بلکہ بظاہر جعلی اور من گھڑت ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ بادی النظر میں ایس ڈی پی او ڈیفنس نے جعلی اور فرضی دستاویزات کو اصلی ظاہر کرتے ہوئے عدالت میں جمع کرایا جو جرم ہے ، اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے افسران خود ایسے اقدامات میں ملوث ہوں تو اس سے پورا نظام انصاف متاثر ہوتا ہے ۔ایس ڈی پی او ڈیفنس نے مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے سرٹیفکیٹس نیک نیتی سے جمع کرائے ،کوئی غلطی ہوئی تو وہ غیر ارادی تھی۔عدالت نے حکم دیا کہ ایس ڈی پی او ڈیفنس کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 200 کے تحت باقاعدہ فوجداری شکایت درج کی جائے جبکہ ان کے عمل کو محکمانہ بدانتظامی قرار دیا۔