کمیونٹی پولیسنگ کے پہلے جدید کنٹرول روم کا افتتاح
کیمروں کی مرمت کے اخراجات حکومت اٹھائیگی،وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار غیر قانونی اسلحہ اور ٹنٹڈ گلاس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی کمیونٹی پولیسنگ کراچی (سی پی کے )کے ایس ایس پی اے وی ایل سی کے آفس میں قائم کئے گئے پہلے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ،کمیونٹی کے ساتھ رابطے سے نہ صرف جرائم میں کمی آتی ہے بلکہ معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے ۔وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ سی پی کے اور سیف سٹی پروجیکٹ کے حکام کے درمیان ملاقات کرائی جائے گی تاکہ درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جاسکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی پی کے کے کیمروں کی مرمت کے اخراجات سفارشات کے مطابق سندھ حکومت برداشت کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مراد سونی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومتی سطح پر میڈل دینے کی سفارش کی جائے گی۔صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے شہر میں غیر قانونی اسلحہ، غیر مجاز وردیوں اور ٹنٹڈ گلاس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر جرائم کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں اور ان کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پولیس شہر کو محفوظ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ اے وی ایل سی کو جدید خطوط پر اپڈیٹ کیا جا رہا ہے۔