چینی قونصل جنرل کی انڈس اسپتال کی خدمات پر تعریف

چینی قونصل جنرل کی انڈس اسپتال کی خدمات پر تعریف

گوادر اسپتال کی تعمیر بلوچستان کیلئے ہمارے عزم کا ثبوت ، صدرانڈس اسپتال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)علاقائی سطح پر صحت کی سہولتوں کی بہتری اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بلوچستان کونسل آن فارن ریلیشنز کے چیئرمین چنگیز حسین خان اور انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر ڈاکٹر عبدالباری خان نے چین کے قونصل جنرل جناب یانگ یون ڈونگ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبدالباری خان نے انڈس اسپتال کی جانب سے ملک بھر میں فراہم کی جانے والی معیاری اور سو فیصد مفت طبی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر گوادر میں حال ہی میں قائم کیے گئے انڈس اسپتال کا ذکر کیا جو ساحلی پٹی کے عوام کو جدید طبی سہولتیں فراہم کرنے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے سماجی ثمرات عام کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ معیاری علاج ہر انسان کا حق ہے ، نہ کہ صرف مراعات یافتہ طبقے کا۔ گوادر اسپتال کی تعمیر بلوچستان کے عوام کے لیے ہمارے عزم کا ثبوت ہے اور ہم ان خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنے چینی شراکت داروں کے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے انڈس اسپتال کی شاندار خدمات کو سراہا اور انسانی ہمدردی کے ان منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کے لیے باہمی رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔چیئرمین چنگیز حسین خان اور ٹیم بلوچستان نے اس موقع پر بلوچستان کونسل کے کردار پر روشنی ڈالی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں