بلدیہ عظمیٰ اجلاس،جماعت اسلامی،پی پی ارکان گتھم گتھا
جماعت اسلامی کے اراکین کا میئر کے ڈائس کے سامنے احتجاج اور نعرے بازی جھگڑے کے بعد بھی ایک گھنٹے تک اجلاس چلتا رہا،میئر کی جماعت اسلامی پرتنقید
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اجلاس میں جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے منتخب اراکین گتھم گتھا ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت سٹی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ کی تقریر کے بعد جب پی پی کے رکن نجمی عالم نے تقریر کی تو ایوان میں شدید کشیدگی ہوئی۔اس کے بعد جماعت اسلامی کے اراکین نے میئر کی ڈائس کے سامنے احتجاج اور نعرے بازی کی تو پیپلزپارٹی کے اراکین بھی کھڑے ہوگئے ۔ پھر دونوں جماعتوں کے اراکین میں دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوئی۔جماعت اسلامی کے اراکین نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا تاہم جھگڑے کے بعد بھی ایک گھنٹے تک اجلاس چلتا رہا۔
جماعت اسلامی کے واک آؤٹ کے باوجود اپوزیشن میں بیٹھی جماعتیں اجلاس میں بیٹھے رہے ۔ بعد ازاں اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں جب اراکین ایوان میں واپس آئے تو انہیں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا جس پر ایک بار پھر احتجاج ہوا۔میئر کراچی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایم کیو ایم کے بائیکاٹ کی وجہ سے یہ لوگ بلدیہ عظمیٰ کے ایوان میں پہنچے ہیں ورنہ ان کو موقع ہی نہیں ملتا۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے الزام عائد کیا کہ میئر کراچی کے اشارے پر اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں ۔