سکھر:چیمبر آف کامرس کااجلاس، بڑھتے ہوئے سائبر کرائم پرغور
کاروباری برادری کا جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت قرارسوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹس ہیک میں اضافہ، آئی ٹی کمیٹی کا احتیاط کا مشورہ
سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد خالد کاکیزئی کی زیرِ صدارت آئی ٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی کنوینر سید آصف علی، ڈپٹی کنوینر محمد عمار شیخ، سیکریٹری جنرل محمد نعمان آرائیں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ سائبر کرائم کے بڑھتے واقعات پر تفصیلی غور کیا گیا اور چیمبر کے اراکین ، کاروباری برادری اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر کی تاکید کی گئی۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ٹی سیکٹر کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ، لہٰذا کاروباری برادری کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اجلاس میں آئی ٹی سیکٹر کو درپیش چیلنجز اور مستقبل کے مواقع پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اجلاس کے دوران سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل فراڈ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کسی بھی غیر مصدقہ ای میل یا لنک کو کھولنے سے گریز، مشکوک اپلیکیشنز ڈاؤن لوڈ نہ کرنے ، نامعلوم نمبرز سے آنیوالی کالز اور پیغامات پر فوری ردعمل نہ دینے ، ATM پن، OTP پاس ورڈ یا دیگر حساس معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کرنے ، ای میلز اور سوشل میڈیا پیغامات کو بغور پڑھ کر تصدیق کے بعد ہی کوئی اقدام کرنے کی ہدایات کیں ۔ اجلاس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک، ٹویٹر اور یوٹیوب جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے پیش نظر احتیاط کی ضرورت ہے ۔