صوبے میں امن کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے ، آئی جی

صوبے میں امن کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے ، آئی جی

زیرو ٹالرنس پالیسی، کسی کوبھی ریاستی رٹ چیلنج نہیں کرنے دینگے ، جاوید عالمقومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کررہے ہیں، جیکب آباد میں گفتگو

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے ، کچے میں آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہوچکا، کسی کو بھی ریاستی رٹ چیلنج کرنے نہیں دینگے ، خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات پر پولیس نے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کر رکھی ہے ، قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کو محفوظ سفر کی سہولت میسر ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں رکن قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی سے والد میر بابل خان جکھرانی کی وفات پر تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ قومی شاہراہوں اور مختلف اضلاع میں بھی کرائم کنٹرول کرنے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ جرائم میں کمی خوش آئند ہے اور اس میں کچے کے علاقوں میں جاری آپریشن کے مثبت اثرات بھی شامل ہیں، آئی جی سندھ نے بتایا کہ کچے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر کارروائیاں کر رہے ہیں اور یہ آپریشن اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، ڈرونز اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنایا گیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ جاری آپریشن کو مزید وسیع کیا جائے گا اور اگلے مرحلے میں قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں