پیما کا میڈیکل طالبہ کی پراسرار موت کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ
کراچی(این این آئی)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)نے میرپور خاص کے نجی میڈیکل کالج میں تیسرے سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی پراسرار موت پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پیما خواتین برانچ کی مرکزی صدر ڈاکٹر ذکیہ اورنگ زیب نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور کام کی جگہوں پر طالبات کے لیے محفوظ اور ہراسانی سے پاک ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے ، کیونکہ ایسے واقعات نہ صرف طلبہ کے اعتماد کو متاثر کرتے ہیں بلکہ خواتین کی میڈیکل تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں۔ عدم تحفظ اور ناموافق حالات خواتین کے لیے بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں، جس کے باعث کئی خواتین ڈاکٹرز عملی میدان سے دور ہو جاتی ہیں۔