منکی پاکس کے پھیلا ؤکا خدشہ ، فوری آگاہی کی اپیل
وائرس اب محض بیرونِ ملک سے نہیں آ رہا ،مقامی سطح پر منتقل ہونا شروع معالجین اور عوام علامات ظاہر ہوتے ہی فوری اقدام کریں ،میڈیا راؤنڈ ٹیبل
کراچی (این این آئی)پاکستان میں منکی پاکس کے مقامی پھیلا ؤکے خدشے کے پیش نظر ماہرین نے فوری آگاہی کی اپیل کردی۔ آغا خان یونیورسٹی اسپتال کے وبائی امراض کے ماہرین نے پاکستان میں منکی پاکس کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ وائرس اب محض بیرونِ ملک سے نہیں آ رہا بلکہ ملک کے اندر مقامی سطح پر منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے ۔میڈیا راؤنڈ ٹیبل کے دوران ماہرین نے بتایا کہ پاکستان میں اب تک کی صورتحال تشویشناک رخ اختیار کر رہی ہے ، 2025 میں پاکستان میں 53 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جن میں سے اکثر کا تعلق بیرونِ ملک سفر سے تھا تاہم 2026 میں یہ پیٹرن بدل گیا ہے ۔ڈاکٹر فیصل محمود نے زور دیا کہ ہم اس مرحلے پر ہیں جہاں بروقت آگاہی ہی پھیلا کو روک سکتی ہے۔
معالجین اور عوام علامات ظاہر ہوتے ہی فوری اقدام کریں اور انتظار نہ کریں۔ڈاکٹر فاطمہ میر کے مطابق، علامات کو نظر انداز کرنا اور تنہائی میں تاخیر بڑے پیمانے پر انفیکشن کا سبب بن سکتی ہے ۔نمایاں علامات میں بخار، سوجے ہوئے لمف نوڈز، چہرے ، ہتھیلیوں، تلوں اور جنسی حصوں پر نمایاں دانے یا زخم ہے ، نوزائیدہ بچے ، حاملہ خواتین اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں شدید بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے ۔ماہرین کے مطابق علامات ظاہر ہونے کی صورت میں خود کو دوسروں سے الگ کر لیں اور ڈاکٹر سے رجوع کریں، کسی مشتبہ مریض سے رابطہ ہونے کی صورت میں 21 دن تک اپنی صحت کی نگرانی کریں۔