ماجو میں 50 مستحق افراد میں موٹر سائیکلز تقسیم
مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کے تعاون سے معاشی خودمختاری کا اقدامڈاکٹر زبیرشیخ،معراج خالد،خالد آرائیں کا اظہار خیال ، ہیلمٹ بھی تقسیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی میں مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کی جانب سے 50 مستحق نوجوانوں میں موٹر سائیکلزکے ساتھ ماجو کے ہیلمٹس بھی فراہم کیے گئے ۔اس موقع پر یونیورسٹی کے صدرڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں دینے والوں میں شامل کیا۔ ایم ٹی جے فاؤنڈیشن لوگوں کو روزگار فراہم کرکے عظیم خدمت انجام دے رہی ہے ۔ان کے لئے ماجو کے دروازے کھلے رہیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں تقریباً 8 فیصد طلبا زکوٰۃ اور دیگر عطیات کے ذریعے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جس میں مختلف ادارے تعاون کر رہے ہیں،ایم ٹی جے فاؤنڈیشن کے کنٹری ہیڈ معراج خالد نے کہا کہ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مستقبل میں محمد علی جناح یونیورسٹی اور مولانا طارق جمیل فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مزید فنانشل ایڈ اور اسکالرشپ پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے ، مقامی نیوز چینل کے سی ای او خالد آرائیں نے کہا کہ کراچی ہمیشہ سے فلاحی کاموں میں نمایاں رہاہے وہ ادارے قابل تعریف ہیں جو مستحق افراد کو روزگار فراہم کرکے انہیں بااختیار بنا رہے ہیں، دیگر فلاحی اداروں کو بھی اس طرح کے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔،اس موقع پر برطانیہ سے آئے ہوئے مخیر حضرات کے نمائندگان بھی موجود تھے ،ماجو کے میڈیا منیجر ثاقب ابڑو نے کوآرڈیشن کے فرائض انجام دیئے ۔