ہنگامی خدمات کی استعداد میں اضافہ ناگزیر،میئر

ہنگامی خدمات کی استعداد میں اضافہ ناگزیر،میئر

کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،مرتضیٰ وہابتمام اپ گریڈیشن اور بحالی کے کام 30 مئی سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مضبوط اور جدید فائر فائٹنگ نظام کی اشد ضرورت ہے ، تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی، بلند و بالا عمارتوں اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کے پیش نظر ہنگامی خدمات کی استعداد میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے شہر کے مختلف اضلاع میں نئے فائر اسٹیشنز قائم کئے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ایم سی بلڈنگ میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اور تمام محکمے ہنگامی بنیادوں پر کام کرتے ہوئے نتائج فراہم کریں، میونسپل کمشنر ابرار جعفر نے میئر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گلستان جوہر، کورنگی، بولٹن مارکیٹ اور نارتھ کراچی میں قائم فائر اسٹیشنز پراپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے ، میونسپل کمشنر نے کہا کہ ضروری فائر فائٹنگ اور اربن ریسکیو آلات کی خریداری کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور 292 ملین روپے مالیت کے ورک آرڈرز جاری کر دیے گئے ہیں، جن میں سابقہ خریداریوں کے بقایا جات بھی شامل ہیں۔میئرنے ہدایت دی کہ تمام اپ گریڈیشن اور بحالی کے کام 30 مئی سے قبل مکمل کیے جائیں، اور آتشزدگی کے واقعات کے پیش نظر اس میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں