میٹرک امتحانات : پرچے کے عوض رقم مانگنے والے سینٹرز کی رجسٹریشن منسوخی کا حکم

میٹرک امتحانات : پرچے کے عوض رقم مانگنے والے سینٹرز کی رجسٹریشن منسوخی کا حکم

ثانوی تعلیمی بورڈ کا سنگین معاملے پرسخت ایکشن،والدین کو شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کر دی،ترجمان صبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ منعقد ہوا، بورڈ افسران کی نگرانی میں پرچے مراکز تک پہنچائے گئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)میٹرک بورڈ نے پرچے کے عوض رقم مانگنے والے سینٹرز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم دیتے ہوئے والدین کو شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کر دی۔ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا دوسرا روز مکمل ہو گیا ہے ۔ جہاں ایک طرف امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں، وہیں بورڈ نے بدعنوانی کی شکایات پر سخت ایکشن لینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ترجمان تعلیمی بورڈ نے کہا کہ بعض امتحانی مراکز کی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ سے پرچے کے عوض رقم طلب کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

بورڈ انتظامیہ نے اس سنگین معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے ، ایسے تمام مراکز جو اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پائے گئے ، ان کی رجسٹریشن فوری طور پر منسوخ کر دی جائے گی۔بورڈ نے والدین اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ ایسی شکایات کی فوری اطلاع 021-99260264 یا 021-99260284 پر دیں۔ہفتے کوصبح کی شفٹ میں نویں جماعت کے کمپیوٹر اسٹڈیز کا پرچہ منعقد ہوا، ، شہر کے 18 ٹاؤنز میں قائم 521 مراکز پر تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار سے زائد طلبہ امتحانات میں شریک ہیں۔امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لیے 25 حب بنائے گئے ہیں۔ بورڈ افسران کی نگرانی میں پرچے مراکز تک پہنچائے گئے اور جوابی کاپیاں سیل کر کے بورڈ آفس واپس لائی گئیں۔امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ مراکز کے قریب فوٹو اسٹیٹ مشینیں بند رکھنے اور طلبہ کو موبائل فون لانے پر سخت پابندی عائد ہے۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ وہ امتحانی عمل کے دوران مکمل وقت مراکز پر موجود رہ کر نقل مافیا اور بیرونی مداخلت کی روک تھام کو یقینی بنا رہے ہیں۔مزید برآں کراچی انتظامیہ نے میٹرک امتحانا ت کے انعقاد پر سیکیورٹی ،نظم و ضبط اور شفافیت کے لئے اقدامات کیے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اورامتحانی عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر شرقی نصرللہ عباسی ڈپٹی کمشنر غربی زوالفقار میمن ڈپٹی کمشنر کیماڑی امیر فضل اویسی اور مختلف اسسٹنٹ کمشنرز نے کمشنر کو رپورٹ پیش کی ہے انھوں نے کہا ہے کہ انھوں نے امتحانی عمل اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سکیورٹی انتظامات، شفافیت اور نقل کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات چیک کئے ۔انہوں نے عملہ کی حاضری اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا ۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز سے کہا ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ امتحانی مراکز پر ، نظم و ضبط شفافیت اور میرٹ کے تمام مطلوبہ اور قانونی تقاضے پورے ہوں

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں