نوکوٹ:فلاحی منصوبے کا آغاز، صوبائی وزیر نے سنگ بنیاد رکھا
بیت النور منصوبے میں اسپتال، اسکول، مدرسہ، ووکیشنل سینٹر، رہائشی کالونی تعمیرساڑھے 4ایکڑ جگہ مختص، عوام کو صحت وتعلیم کی سہولت ملے گی، طارق تالپور
نوکوٹ (نمائندہ دنیا) نوکوٹ کے قریب بیت النور رشید آباد فلاحی منصوبے کا سنگِ بنیاد صوبائی وزیر برائے محکمہ سماجی بہبود میر طارق علی خان تالپور نے رکھ دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں امریکہ میں مقیم نوکوٹ کے سماجی رہنما حاجی جاوید اقبال (ببلی)، عارف شمشاد قائم خانی ، اسحاق قائم خانی، کے علاوہ علاقہ معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد منصوبے کے منتظم قاری عبدالستار نے دعائے خیر کرائی۔ منصوبے کے تحت فلاحی ہسپتال، اسکول، مدرسہ، ووکیشنل سینٹر اور رہائشی کالونی تعمیر کی جائے گی، جو تقریباً ساڑھے چار ایکڑ رقبے پر مشتمل ہوگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر طارق تالپور ودیگر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ علاقے کے پسماندہ افراد کے لیے صحت، تعلیم اور ہنر کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منتظمین کے مطابق اس کارِ خیر میں مخیر حضرات کا تعاون جاری ہے ، تاہم منصوبے کی تکمیل تک مزید مالی معاونت کی ضرورت رہے گی، صوبائی وزیر میر طارق علی خان تالپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل کیلئے سرکاری سطح پر ہر ممکن تعاون کی کوشش کرینگے ۔ مقامی افراد نے اس فلاحی اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل سے خاطر خواہ سہولیات میسر آئیں گی۔