پرانا سکھر میرانی محلے میں ناقص صفائی سے مکین اذیت کاشکار
ترقیاتی کام ادھورے ، ناقص تعمیرات پر احتجاج کے اعلان کے بعد ٹھیکیدار کا رابطہنمائندے نے مسائل سننے کے بعد جائز قرار دیدیئے ، حل کرانے کی بھی یقین دہانی
سکھر(بیورو رپورٹ)پرانا سکھر نمائش میرانی محلہ میں ترقیاتی کاموں اور صفائی کی ناقص صورتحال سے علاقہ مکین اذیت کا شکار ہیں، میرانی محلہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے ٹھیکیدار نسیم شاہ کی طرف سے ترقیاتی کام ادھورے چھوڑنے ، کام بند کرنے ، ناقص تعمیرات اور صفائی کی ابتر صورتحال کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔ احتجاج سے قبل ٹھیکیدار کے نمائندے سید فائق شاہ، یوسی 6 کے وائس چیئرمین، ٹاؤن جئے شاہ کے فوکل پرسن فرحان شیخ، صفائی کمپنی کے سپروائزر عبدالمجید میرانی، کونسلر زمان میرانی اور دیگر افراد نے کمیٹی کے رہنماؤں رئیس احمد ابڑو، مفتی محمد اعظم مہرودیگر سے ملاقات کی۔اس دوران علاقہ مکینوں کے مسائل تفصیل سے سنے گئے اور انہیں جائز قرار دیتے ہوئے جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ متعلقہ حکام نے وعدہ کیا کہ ترقیاتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے اور صفائی کی صورتحال بھی بہتر بنائی جائے گی۔ اس موقع پر میرانی محلہ ڈیولپمنٹ کمیٹی نے احتجاج مؤخر کرتے ہوئے حکام کو دو ہفتوں کی مہلت دے دی۔ کمیٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر دو ہفتوں کے اندر ترقیاتی کاموں میں پیش رفت نہ ہوئی اور صفائی کا نظام بہتر نہ کیا گیا تو دوبارہ احتجاج کیا جائے گا اور پھر کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ آخر میں علاقے کی بہتری اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔