لاڑکانہ میں زمین کے تنازع پر26سالہ نوجوان قتل
جواد کو بچاؤ بند کے قریب گولیاں ماری گئیں، جھڈو میں نوجوان کی خودکشیصوبو ڈیرو، شہداد پور میں تصادم کے 2 زخمی چل بسے ، حادثے میں3زخمی
لاڑکانہ، اندرون سندھ (نمائندگان)لاڑکانہ میں زمین کے تنازع پر 26 سالہ نوجوان قتل کردیا گیا، جبکہ جھڈو میں نوجوان نے خودکشی کرلی، صوبو ڈیرو اور شہداد پور میں گروہی تصادم کے 2 زخمی چل بسے ، جبکہ حادثے میں 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں بچاؤ بند کے قریب زمین کے تنازعے پر 26 سالہ نوجوان جواد کھوکھر کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، مقتول کے ورثاء کا کہنا ہے کہ جتوئی برادری کے افراد نے زمین کے تنازعے پر جواد کھوکھر کو گولیاں مار کر قتل کیا۔ ادھر جھڈو کے گاؤں گلن لغاری میں 20 سالہ نوجوان لال چند ولد ویرسی کولہی نے معاشی بدحالی سے تنگ آکر مبینہ طور گھر کے باہر خودکشی کرلی، پولیس نے لاش رورل ہیلتھ سینٹر پہنچائی، جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ خیرپور کے علاقے صوبھو ڈیرو میں گروہی تصادم میں زخمی ہونے والا نوجوان سہیل شاہانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس سے تصادم میں اموات 6 ہوگئیں، پولیس دونوں فریقین کے گھر بھاری مشینری سے مسمار کر دیئے ، صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس چیک پوسٹ بھی قائم کرلی گئی۔ شہدادپور کے علاقے ڈیتھا چوک پر زرداری اور ڈیتھا برادری کے دو گروپوں کے درمیان تصادم فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والا نوجوان عرفان ڈیتھو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے حیدرآباد کے اسپتال میں دم توڑ گیا۔ جبکہ محراب پور کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 افراد امام بخش ولد حاجی لونگ، مسمات نور خاتون زوجہ غلام حسین اور معصوم حبیبہ بنت سکندر علی زخمی ہوگئے۔