جھڈو میں بیمار اور لاغر جانوروں کے گوشت کی فروخت جاری

جھڈو میں بیمار اور لاغر جانوروں کے گوشت کی فروخت جاری

بوڑھا بیمار لاغر اور زخمی جانور قصابوں کی کمائی کابڑا ذریعہ، سستا مل جاتا ہےگوشت معیاری ثابت کرنیوالی ویٹرنری کی مہریں ٹاؤن ملازم کے پاس موجود

جھڈو (نمائندہ دنیا)طویل عرصے سے بیمار اور لاغر جانوروں کے گوشت کی مبینہ فروخت جاری ہے ، بوڑھا بیمار لاغر اور زخمی جانور قصابوں کی کمائی کا بڑا ذریعہ ہے لاعلاج ہونے پر4 سے 5 لاکھ کی بھینس 30 سے 40 ہزار اور بیمار اور لاغر بکری 5 سے 6 ہزار روپے میں قصاب خرید لیتے ہیں، ان میں سے کئی بڑے اور چھوٹے جانور جو نیم مردہ حالت میں ہوتے ہیں جنہیں موقع پر ذبح کرکے گوشت تھیلوں میں لیجایا جاتا ہے ، سستے داموں بیمار جانوروں کا مل جانا قصابوں کی زبان میں شکار کہلاتا ہے ، شہر میں بکرے کا گوشت 2 ہزار سے 25 سو روپے اور بڑے کا گوشت 12 سو روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گوشت کو معیاری ثابت کرنے کیلئے لگائی جانے والی محکمہ وٹرنری کی مہریں ٹاؤن ملازم کے پاس ہیں اور وہ فی جانور 200 روپے لیتا ہے ۔ اس سلسلے میں جب ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر سلیم قائم خانی سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سلاٹر ہاؤس کو فعال اس میں سہولیات فراہمی ٹاؤن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کمیٹی کی جانب سے کسی قصاب کو گوشت فروخت کا لائسنس نہیں دیاگیا، اس وقت شہر میں جگہ جگہ قصاب چھوٹے بڑے جانوروں اور مرغی کا گوشت فروخت کرتے دکھائی دے رہے ہیں لیکن ٹاؤن انتظامیہ کے پاس ان قصابوں کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، ٹاؤن آفیسر نے اپنی غیر ذمہ داری کا اعتراف کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران تمام معاملات ٹھیک کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں