ایران امریکہ کومذاکراتی میزپر لانا سفارتی کامیابی، لیگی ایم این اے
عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور پاسپورٹ کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا، درشن لالماتھیلو میں مسیحی کمیونٹی کی درخواست پرچرچ کیلئے سولر سسٹم تنصیب کی یقین دہانی کرائی
میرپورماتھیلو(نمائندہ دنیا)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن لال نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانا ایک بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے ، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار اور پاسپورٹ کی ساکھ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ میرپورماتھیلو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل ختم نہیں ہوا بلکہ پاکستان کی کاوشوں سے کئی دہائیوں بعد دونوں فریقوں کا مذاکرات کے لیے آمادہ ہونا خوش آئند عمل ہے ، جس کے مثبت اور دیرپا نتائج مستقبل میں سامنے آئیں گے ۔ اس موقع پر میرپور ماتھیلو کے شہریوں اور مسیحی کمیونٹی کے نمائندوں نے ڈاکٹر درشن لال سے ملاقات کی۔ مسیحی کمیونٹی کی درخواست پر انہوں نے چرچ کے لیے سولر انرجی سسٹم کی تنصیب کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں شہریوں کے مطالبے پر ڈاکٹر درشن لال نے میرپورماتھیلو ریلوے اسٹیشن پر رحمان بابا ایکسپریس کے مستقل اسٹاپ کی بحالی اور بکنگ کوٹہ مختص کروانے کی نوید بھی سنائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے لیے ایک اور ٹرین اسٹاپ کے قیام کے لیے بھی جلد اقدامات کیے جائیں گے ۔