کراچی نامکمل وعدوں کی علامت بن گیا ہے ،الطاف شکور

کراچی نامکمل وعدوں کی علامت بن گیا ہے ،الطاف شکور

ترقیاتی منصوبے ناقص منصوبہ بندی وتاخیر کا شکار، بلاول بھٹو فوری نوٹس لیں تھرڈ پارٹی آڈٹ اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ،چیئرمین پا سبان

کراچی(این این آئی)چیئرمین پا سبان ڈیموکریٹک پارٹی الطاف شکور نے کہا کہ کراچی میں جاری تقریباً تمام ترقیاتی منصوبے غیر معمولی تاخیر، لاگت میں بے پناہ اضافے اور ناقص معیارِ تعمیر کا شکار ہیں جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں،کراچی نامکمل وعدوں کی علامت بن چکا ہے ، جہاں بڑے بڑے منصوبوں کے اعلانات تو کیے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد انتہائی سست روی اور بدانتظامی کا شکار رہتا ہے ، گرین لائن اور ریڈ لائن بی آر ٹی جیسے منصوبے تاخیر اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث مسائل کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔ ہر مرحلے پرتھرڈ پارٹی آڈٹ کو لازمی قرار دیا جائے ۔ تاخیر یا ناقص کام کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ مزید برآں، منصوبوں کی پیش رفت اور اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں تاکہ احتساب ممکن ہو سکے ۔ آخر میں انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ پاسبان عہدیداران کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ کراچی میں مسئلہ وژن یا فنڈز کا نہیں بلکہ عملدرآمد کا ہے ۔جب تک نظام میں اصلاحات نہیں کی جاتیں، ہر نیا منصوبہ پچھلی ناکامیوں کو دہرائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ بھی مسلسل اعلانات کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں