غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی کارروائیاں قابل مذمت،سنی تحریک
کراچی(این این آئی) پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئرمحمد ثروت اعجاز قادری،مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اپنے مشترکہ جاری بیان میں غزہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔
کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیاں نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ یہ عالمی قوانین، انسانی حقوق اور بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی توہین ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا مقصد خونریزی کو روکنا اور خطے میں امن قائم کرنا ہوتا ہے ،مگر اسرائیل نے اس معاہدے کو بھی روندتے ہوئے اپنی روایتی جارحیت کو جاری رکھا ہوا ہے ۔فضائی حملوں،ڈرون کارروائیوں اور زمینی یلغار کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں فلسطینی شہید جبکہ ہزاروں زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔غزہ عملا ایک کھلے قید خانے میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں نہ خوراک کی مناسب فراہمی ہے ،نہ ادویات دستیاب ہیں اور نہ ہی بنیادی انسانی ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔