دیواروں پر غیر مہذب تحریریں بیمار معاشرے کو ظاہر کرتی ہیں،سیلانی
کراچی(سٹی ڈیسک)سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا محمد بشیرفاروق قادری نے سندھ ہائی کورٹ کے ان احکامات کا خیر مقدم کیا ہے جن میں کہا گیا کہ صوبہ بھر میں فوری طور پر وال چاکنگ مٹائی جائے ، پوسٹرز اور بینرز ہٹائے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دیواروں کو گندا کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے یا تین دن کی قید کی سزا کا بھی قانون پاس کرے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دین اسلام بھی صفائی کو نصف ایمان کا درجہ دیتا ہے اور صفائی کے احکامات پر عمل درآمد سنت رسول ؐ ہے ۔ دیواروں پر غیر ضروری اور غیر مہذب تحریریں بیمار معاشرے کو ظاہر کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ سندھ بھر اور خاص طور پر کراچی کی درودیوار بے شمار سیاسی نعروں، جعلی عاملوں اور حکیموں کے تشہیری جملوں سے بھری پڑی ہیں۔اکثر مقامات پر سڑک کنارے یا تو کچرے کے ڈھیر ملتے ہیں یا قریبی دیواروں پر عجیب و غریب تحریریں ملتی ہیں۔کراچی میں داخل ہونے والے غیر ملکی سیاح شارع فیصل پر جابجا وال چاکنگ دیکھ کر کس قدر غلط تاثر قائم کرتے ہوں گے ۔