تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ،گورنر

تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ،گورنر

صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے وفاقی سطح پر تعاون بڑھانا ناگزیر نہال ہاشمی سے فیصل آباد چیمبر کے وفد کی ملاقات، صنعتی فروغ پر گفتگو

کراچی (آئی این پی)گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے وفاقی سطح پر تعاون بڑھانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ملک کا اہم صنعتی مرکز ہے جبکہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ فیصل آباد کی مصنوعات دنیا بھر میں پاکستان کی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، بالخصوص ٹیکسٹائل مصنوعات جیسے سوتی دھاگہ، کاٹن، چادریں، تولیے اور ہوزری عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بن چکی ہیں۔اس سے قبل وفد، جس کی قیادت صدر ایف سی سی آئی فاروق یوسف شیخ کر رہے تھے ، نے گورنر سندھ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی عوامی خدمات کو سراہا۔ملاقات کے دوران ملکی معاشی صورتحال، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعت و تجارت کے استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ایف سی سی آئی فاروق یوسف شیخ نے صنعتوں کو درپیش مسائل اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔وفد نے فیصل آباد کی صنعتوں کو انڈسٹریل زونز میں منتقل کرنے کے مسئلے پر وفاقی حکومت سے بات کرنے کی درخواست بھی کی۔مزید برآں صدر ایف سی سی آئی نے گورنر سندھ کو رواں ماہ لاہور میں منعقد ہونے والی فیصل آباد ایکسپو میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی، جسے گورنر سندھ نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں