وزارت لوٹ مار سندھ کابینہ کا حصہ بنا دیں،ایم کیوایم
سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ منافقت کا لبادہ اتار پھینکے ،اراکین صوبائی اسمبلی شہریوں کو گھات لگا کر لوٹنے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے شہرِ قائد میں سٹریٹ کرائم کے سونامی اور ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کو گھات لگا کر لوٹنے کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت کی دانستہ نااہلی اور کراچی کے عوام کو معاشی طور پر کنگال کرنے کی منظم سازش قرار دے دیا ہے ، مرکز بہادر آباد سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کا کوئی محلہ اور کوئی شاہراہ اب محفوظ نہیں رہی مسلح ڈاکو اب صرف لوٹ مار نہیں کر رہے بلکہ مزاحمت پر شہریوں کا خون بہانے سے بھی گریز نہیں کر رہے ، متحدہ اراکینِ سندھ اسمبلی نے کہا کہ یہ محض امن و امان کی خرابی نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کو دیوار سے لگانے اور انہیں معاشی طور پر مزید مفلوج کرنے کی ایک ایسی پالیسی کا تسلسل ہے جس کی ڈوریاں ایوانِ اقتدار سے ہلائی جا رہی ہیں، حق پرست ارکانِ اسمبلی نے موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جس بے دردی سے شہر کو لٹیروں کے حوالے کیا گیا ہے اب سندھ حکومت کو چاہیئے کہ وہ منافقت کا لبادہ اتار پھینکے اور وزارتِ لوٹ مار کو بھی باقاعدہ صوبائی کابینہ کا حصہ بنا دے ، شہر میں ہونے والی لوٹ مار مجرمانہ خاموشی کا ثبوت ہے ، سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر کراچی کے شہریوں کو ان کے مینڈیٹ کی سزا دی جا رہی ہے ۔