پانی کا شدید بحران،گلشن حدید کے مکینوں کا احتجاج

پانی کا شدید بحران،گلشن حدید کے مکینوں کا احتجاج

ایک سال سے پانی کی بندش پر مظاہرین نے نیشنل ہائی وے کو بند کردیا فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے ،سیدمفخر علی

کراچی(سٹی ڈیسک)گلشن حدید میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے ، علاقے میں گزشتہ ایک سال سے پانی بند ہے ، پانی کی بندش کے خلاف جماعت اسلامی گلشن حدید نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں شریک عوام نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے کودھرنا دیکر بند کر دیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر سید مفخر علی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے گلشن حدید کو تباہ کر دیا۔ نہ انفراسٹرکچر ہے نہ پانی ہے اور نہ ہی کچرا اٹھانے کا کوئی بندوبست ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پانی جیسی بنیادی ضرورت بھی گلشن حدید کے عوام سے چھین لی۔ پانی کی فراہمی کے لیے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پہلے چھ کروڑ کا منصوبہ پیش کیا لیکن اس کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا پھر پچاس کروڑ کا منصوبہ پیش کیا گیا، لیکن عوام کو تاحال پانی نہ مل سکا۔ سید مفخر علی کا کہنا تھا کہ اگر پانی کے مسئلے پر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے اور نیشنل ہائی وے پر مسائل کے حل تک دھرنا بھی دیا جا سکتا ہے ۔ اس لیے پیپلز پارٹی ہوش کے ناخن لے اور گلشن حدید کے مسائل حل کرے ۔ مظاہرے سے گلشن حدید کے رہنماؤں ملک عزیز الرحمن، حمزہ رمضان، کونسلر صغیر اختر، کاشف بھٹی اور جماعت اسلامی یوتھ کے صدر ماجد سیٹھی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں