امتحانی مراکز میں نجی اسکولز کو فوقیت کا انکشاف
میٹرک امتحانات کیلئے 80اور 120گز کے چھوٹے اسکولوں میں 65جبکہ بڑے سرکاری اسکولوں میں صرف 35فیصد سینٹرز قائم کئے گئے ہیںمجموعی طور پر 521امتحانی مراکز قائم کیے گئے ،چھوٹے سائز کے اسکولز میں امتحانات کے انعقاد سے سہولیات اور شفافیت پر بھی سوال اٹھنے لگے
کراچی (احسن چانڈیو) کراچی میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے لیے قائم کیے گئے امتحانی مراکز کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، جن کے مطابق شہر بھر میں بنائے گئے 65 فیصد مراکز نجی اسکولز میں قائم کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق میٹرک بورڈ کی جانب سے مجموعی طور پر 521 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ، جن میں 184 گورنمنٹ جبکہ 337 نجی اسکولز کو امتحانی مراکز بنایا گیا۔ اس طرح امتحانی مراکز کے قیام میں نجی تعلیمی اداروں کو واضح طور پر ترجیح دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر امتحانی مراکز چھوٹے سائز کے 80 اور 120 گز پر مشتمل نجی اسکولوں میں قائم کیے گئے ، جبکہ یہ بھی انکشاف سامنے آیا ہے کہ نجی اسکولوں میں سے کئی امتحانی مراکز مبینہ طور نقل کے لئے ٹھیکہ پر چلائے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مختلف ٹاؤنز میں بھی نجی اسکولز کی تعداد نمایاں رہی۔ کیماڑی ٹاؤن میں قائم 16 مراکز میں سے 12 نجی جبکہ 4 گورنمنٹ اسکولز شامل ہیں۔ سائٹ ٹاؤن میں 18 مراکز میں 11 نجی اور 7 گورنمنٹ اسکولز کو شامل کیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن میں 29 مراکز میں سے 24 نجی جبکہ صرف 5 گورنمنٹ اسکولز کو ترجیح دی گئی۔
اسی طرح اورنگی ٹاؤن میں 49 مراکز میں 39 نجی اور 10 گورنمنٹ، جبکہ لیاری ٹاؤن میں 15 مراکز میں 10 گورنمنٹ اور 5 نجی اسکولز شامل ہیں۔ صدر ٹاؤن میں 22 مراکز میں 14 نجی اور 8 گورنمنٹ، جبکہ جمشید ٹاؤن میں 38 مراکز میں 21 نجی اور 17 گورنمنٹ اسکولز شامل ہیں۔گلشن ٹاؤن میں 44 مراکز میں 35 نجی اسکولز کی اکثریت رہی، جبکہ شاہ فیصل ٹاؤن میں 20 مراکز میں 14 نجی اور 6 گورنمنٹ اسکولز شامل ہیں۔ لانڈھی ٹاؤن میں 36 مراکز میں 28 نجی جبکہ 8 گورنمنٹ اسکولز، اور کورنگی ٹاؤن میں 50 مراکز میں 29 نجی اور 21 گورنمنٹ اسکولز کو امتحانی مراکز بنایا گیا۔نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں 27 مراکز میں 22 نجی اور 5 گورنمنٹ، نیو کراچی ٹاؤن میں 36 مراکز میں 23 نجی اور 13 گورنمنٹ اسکولز شامل ہیں۔ گلبرگ ٹاؤن میں 23 مراکز میں 8 نجی اور 15 گورنمنٹ اسکولز، جبکہ لیاقت آباد ٹاؤن میں 28 مراکز میں 10 نجی اور 18 گورنمنٹ اسکولز شامل کیے گئے ۔ملیر ٹاؤن میں 20 مراکز میں 9 نجی اور 11 گورنمنٹ، بن قاسم ٹاؤن میں 21 مراکز میں 16 نجی اور 5 گورنمنٹ، جبکہ گڈاپ ٹاؤن میں 38 مراکز میں 26 نجی اور 12 گورنمنٹ اسکولز شامل ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز کے قیام میں نجی اسکولز کو اس قدر ترجیح دینا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے ، خصوصاً جب چھوٹے سائز کے اسکولز میں امتحانات کے انعقاد سے سہولیات اور شفافیت پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔