کوٹری:ریتی بجری دھکوں سے بھتہ وصولی کیخلاف ٹرانسپورٹرز کااحتجاج
پولیس، مائنز ومنرل ڈپارٹمنٹ 3ہزار روپے تک بٹور رہے ، حکومت سلسلہ رکوائےبھتہ خوری بند نہ ہونے کی صورت کوٹری جامشورو کی شاہراہوں پر دھرنے کی دھمکی
کوٹری(نامہ نگار)جامشورو میں ریتی بجری کے دھکوں پر پولیس اور مائنز اینڈ منرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مبینہ لاکھوں روپے روزانہ بھتہ وصولی کیخلاف ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بن گئے ۔ بھتہ خوری بند نہ ہونے کی صورت میں کوٹری جامشورو کی شاہراہوں پر دھرنے کی دھمکی دیدی۔کوٹری صنعتی زون، لونی کوٹ اور تھانہ بولاخان کے قریب ریتی بجری لے جانے والے ٹرک ڈرائیوروں سے مبینہ بھتہ وصولی کے خلاف ٹرک ڈرائیوروں نے کوٹری میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی۔ ٹرک ڈرائیور ایسوسی ایشن کے رہنماؤں شیر خان، رضوان، احسان خاصخیلی عدیگر نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مائنز اینڈ منرل کے نام پر ہر ٹرک سے 3 ہزار روپے زبردستی بھتہ وصول کیا جارہا ہے ۔ کوٹری صنعتی زون سے گزرنے کے الگ سے فی ٹرک 200 بٹورے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1200ٹیکس دینے کے باوجود اب تین ہزار زبردستی وصول کئے جارہے ہیں۔ بھتہ وصولی کے باعث انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، ہمیں کہا جارہا ہے کہ آپ عوام کو مہنگا فروخت کرو عوام پر مہنگائی کا پہلے بوجھ ہے ، سو روپے دینے کیلئے کوئی تیار نہیں، تین ہزار کون دے گا۔ حکومت سلسلہ رکوائے ، ایس ایس پی ظفر صدیق چانگا کو معاملے سے آگاہ کیا ہے مگر کوئی سدباب نہیں ہوا۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر بھتہ خوری بند نہیں ہوئی تو قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر بند کردینگے۔